منگل 4 اگست 2026 - 13:37
اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

حوزہ/ اربعینِ حسینی کے عظیم پیدل سفر کے دوران نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ کے راستے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے علما، طلاب، مبلغین اور صحافیوں نے حوزہ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اربعین کو انسانیت، وحدت، خدمت اور بیداریِ امت کا عالمی مظہر قرار دیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ امام حسینؑ کا پیغام کسی ایک قوم یا ملک تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعینِ حسینی کے موقع پر نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ تک جاری عشقِ حسینؑ کے عظیم پیدل سفر میں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین حضرت سیدالشہداءؑ کی بارگاہ کی جانب رواں دواں ہیں۔ اس روح پرور ماحول میں حوزہ نیوز ایجنسی نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے علما، طلاب، مبلغین، صحافیوں اور سماجی شخصیات سے خصوصی گفتگو کی اور اربعین کے عالمی پیغام، زائرین کی خدمت، امتِ مسلمہ کی وحدت اور اس عظیم اجتماع کی معنویت کے حوالے سے ان کے تاثرات جاننے کی کوشش کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف سے کربلا تک کا یہ تاریخی سفر صرف ایک مذہبی رسم نہیں بلکہ ایثار، اخوت، محبت، خدمت، قربانی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا عملی مظہر ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اربعین آج ایک عالمی انسانی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں رنگ، نسل، زبان اور قومیت کی تمام حدیں مٹ جاتی ہیں۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

اسی سلسلے میں حوزہ علمیہ نجف اشرف میں زیر تعلیم مغربی بنگال (ہند) سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے بتایا کہ وہ گزشتہ بیس روز سے زائد عرصے سے موکب بقیۃ اللہ جو علماء و طلاب مغربی بنگال مقیم نجف اشرف نے بتایا کہ میں مسلسل ۲۰ روز سے زائد زائرین کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی خدمت کرنا خود ایک عبادت ہے اور یہی امام حسینؑ کے مکتب کا حقیقی درس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب علما اور زائرین حوزہ علمیہ کے طلاب کو خدمت کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو اس سے حوزاتِ علمیہ کا مثبت اور خدمت گزار چہرہ دنیا کے سامنے آتا ہے، جس کے نہایت خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

روزنامہ صدائے حسینی، حیدرآباد دکن کے ایڈیٹر اِن چیف میر جعفر حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت کاروانِ ہند کے موکب نمبر 327 میں موجود ہیں، جہاں اگرچہ یہ موکب ہندوستان سے منسوب ہے، لیکن پاکستان سمیت مختلف ممالک کے زائرین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ یہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کسی ایک ملک یا قوم کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مغربی میڈیا اور بعض جانبدار ذرائع ابلاغ دنیا کے سب سے بڑے انسانی اجتماع کو نظر انداز کرتے ہیں۔ ہر سال دو کروڑ سے زائد افراد اربعین کے اس عظیم سفر میں شریک ہوتے ہیں، لیکن عالمی میڈیا اس کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش نہیں کرتا۔

میر جعفر حسین نے کہا کہ اربعین میں مختلف مذاہب اور قومیتوں کے افراد شریک ہوتے ہیں۔ اگر کوئی حقیقی انسانیت، سخاوت، اخوت اور مہمان نوازی کا منظر دیکھنا چاہتا ہے تو اسے عراقی عوام کی بے مثال خدمت کو دیکھنا چاہیے، جو اپنے گھروں، دسترخوانوں اور دلوں کو زائرین کے لیے کھول دیتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں، سوشل میڈیا صارفین اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اربعین کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

ممبئی کے معروف خطیب و مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا کمال احمد خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں کربلا کی جانب قدم بڑھانے کی سعادت عطا فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر انسان کی ظاہری نہیں بلکہ باطنی ہجرت کا سفر ہے۔ ہر قدم انسان کو گناہوں سے دور اور اہل بیتؑ سے قریب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا سے آنے والے لاکھوں انسانوں کا ایک امام کی طرف رخ کرنا اس بات کی علامت ہے کہ امام حسینؑ آج بھی امتِ مسلمہ کے دلوں کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راستے کی تمام سختیاں اس وقت آسان محسوس ہوتی ہیں جب انسان کی نگاہ کربلا کی منزل پر ہو۔ اسی طرح دنیا کی مشکلات بھی اس وقت آسان ہو جاتی ہیں جب انسان اپنی زندگی کا مقصد امام زمانہؑ کی رضا اور الٰہی ہدایت کو بنا لے۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

پاکستان سے تعلق رکھنے والے اور مشہد مقدس میں مقیم مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا موسیٰ رضا نقوی نے کہا کہ اربعین کا سفر صرف جسمانی مشقت کا نام نہیں بلکہ ایک عظیم روحانی تربیت گاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو چاہیے کہ وہ اس سفر کے دوران زیادہ سے زیادہ ذکرِ محمد و آلِ محمدؑ میں مشغول رہیں، فضول گفتگو اور بے مقصد مشاغل سے اجتناب کریں اور ہر لمحہ حضرت سیدالشہداءؑ سے اپنے قلبی تعلق کو مضبوط بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جن ہستیوں کی یاد میں ہم یہ سفر کر رہے ہیں، انہوں نے یہی راستہ انتہائی سخت حالات، بھوک، پیاس اور مصائب کے ساتھ طے کیا تھا۔ لہٰذا اربعین سے واپسی پر زائرین اپنے ساتھ صرف جسمانی تھکن نہیں بلکہ تقویٰ، اخلاص، معرفت اور روحانی سرمایہ بھی لے کر جائیں۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سے تعلق رکھنے والے مبلغ حجۃ الاسلام احمد ثاراللہی نے کہا کہ اربعین ایک ایسی عالمی روحانی تحریک ہے جس نے دنیا بھر کے انسانوں کے دلوں میں اہل بیتؑ کی محبت اور امام حسینؑ کی معرفت کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے اندر ایک روحانی، فکری اور انقلابی بیداری نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راستے بھر زائرین کے چہروں پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ عاشورا کے میدان میں امام حسینؑ کی نصرت کے لیے حاضر ہوں اور اپنے عمل سے "یا لیتنا کنا معکم" کی عملی تفسیر پیش کر رہے ہوں۔ ان کے مطابق امام حسینؑ کی محبت دلوں میں ایسی کشش پیدا کرتی ہے جو انسان کو ولایت، حق اور ظہورِ امام زمانہؑ کی آمادگی کی طرف لے جاتی ہے۔

حوزہ نیوز سے گفتگو کرنے والی تمام شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اربعین صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے محبت، خدمت، وحدت، ایثار، قربانی اور ظلم کے خلاف استقامت کا عالمی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجف سے کربلا تک لاکھوں انسانوں کا یہ پیدل سفر دنیا کو یہ درس دیتا ہے کہ جب مقصد الٰہی ہو تو زبان، نسل، قوم اور سرحدیں اپنی حیثیت کھو دیتی ہیں اور انسان صرف امام حسینؑ کے پرچم تلے ایک امت بن جاتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اربعین کی یہ عظیم تحریک آئندہ بھی دنیا بھر میں حق، عدل، آزادی، انسانی اقدار اور اہل بیتؑ کی تعلیمات کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنتی رہے گی اور اس کا پیغام ہر سال پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ پوری دنیا تک پہنچتا رہے گا۔

اربعین کا عالمی پیغام سرحدوں سے ماورا؛ نجف تا کربلا حوزہ نیوز سے گفتگو میں علما، طلاب اور شخصیات کے تاثرات

افغانستان سے تعلق رکھنے والے حجۃ الاسلام سید مرتضیٰ حسین افغانی نے کہا کہ اربعینِ حسینی دنیا بھر کے مظلوموں، حق طلب انسانوں اور اہلِ بیتؑ کے چاہنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے والی عظیم الٰہی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجف سے کربلا تک کا یہ پیدل سفر انسان کے ایمان، صبر، اخلاص اور ولایت سے وابستگی کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربعین کا سب سے بڑا پیغام امتِ مسلمہ میں وحدت، بھائی چارہ اور خدمتِ خلق کو فروغ دینا ہے۔ مختلف زبانوں، قومیتوں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کا ایک مقصد کے تحت جمع ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امام حسینؑ کی تحریک پوری انسانیت کے لیے امید، آزادی اور حق و عدالت کا پیغام رکھتی ہے۔

حجۃ الاسلام مرتضیٰ حسین افغانی نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ اس روحانی سفر کو اپنی اخلاقی اور معنوی اصلاح کا ذریعہ بنائیں، امام حسینؑ کے اہداف کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں اور کربلا سے واپس جا کر اپنے معاشروں میں محبت، انصاف، اتحاد اور خدمتِ انسانیت کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha